Sabsabz سب سبز

Sabsabz سب سبز سبزہ و گل سے محبت اور فطرت سے ہم کلامی کا ذوق رکھنے والوں کے لئے

شوق ہے نیا نیا، تو سب سے پہلے دھنیا::..السلام علیکم باغبانوں،امید ہے آپ سب خیریت سے ہونگے,  نئے باغبانوں کو عموما سب سے ...
23/11/2024

شوق ہے نیا نیا، تو سب سے پہلے دھنیا::..
السلام علیکم باغبانوں،
امید ہے آپ سب خیریت سے ہونگے, نئے باغبانوں کو عموما سب سے پہلے ہرا دھنیا لگانے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ ایک تو یہ گملے میں باآسانی لگایا جاسکتا ہے دوسرا اس کا بیج ہر گھر میں موجود ہوتا ہے یعنی ثابت دھنیا۔
مگر جناب یہ سب کے لیئے اتنا بھی آسان نہیں ہوتا اکثر باوجود کوشش کے بیج ہی نہیں اگتا یا اگ تو جاتا ہے مگر دھنیا آنے سے پہلے ہی کمزور سی کونپلیں لیٹنا شروع ہو جاتی ہیں اور بالآخر مر جاتی ہیں۔
دھنیا لگاتے ہوئے کچھ باتوں کا دھیان رکھیں تو انشاءاللہ صحتمند اور وافر دھنیا ہر وقت گھر میں خوشبو بکھیرتا رہے گا تو کریں بسم اللّٰہ۔
سب سے اہم بات گملے کی تیاری ہے، کھاد اور بالو مٹی کا مکسچر بہت اچھی طرح نرم کیا ہوا ہونا چاہیئے، ابھی ہم کسی کمپوز یا مشکل ناموں والی کھاد یا کیمیکل کی بات ہی نہیں کررہے سادہ سی گوبر ملی مٹی جو باآسانی کسی بھی نرسری سے مل جائے وہ کافی ہے۔ گملے کے سوراخ پر کوئی پتھر اس طرح رکھیں کہ سوراخ سے مٹی باہر نہ گرے اور پانی بالکل "نہ" رکے اور رس رس کر باہر نکل جائے یہ بے حد ضروری ہے۔ اب گملے میں مٹی بھر لیں اتنی کہ کنارے سے ڈیڑھ انچ نیچے رہے۔ گملے کو اچھے سے تھپتھپائیں تاکہ کہیں کوئی خالی جگہ رہ گئی تو وہاں بھی مٹی پہنچ جائے۔

اب کسی لکڑی یا پیالے یا کوئی بھی چپٹی چیز سے مٹی کو ہموار کرلیں اور ہلکا ہلکا سا دبا لیں تاکہ لیول ہو جائے۔
ثابت دھنیے کے بیج کسی نرم کپڑے میں بچھا لیں اور بیلن کی مدد سے اس کو ھلکے ھاتھوں سے بیل لیں ہمیں بیج کو درمیان سے دو ٹکڑے کرنے ہے اس طرح باآسانی ہو جائے گا، اب یہ بیج چٹکی میں جتنے آجائیں گملے میں مٹی پر رکھتے جائیں ہر چٹکی کے بیچ کچھ کچھ فاصلہ رکھ لیں اچھی طرح سے بیج رکھنے کے بعد دوبارہ کسی چپٹی چیز سے ان بیجوں کو ہلکے سے اتنا دبائیں کہ یہ مٹی میں بس جم جائیں، اتنا مت دبائیے کہ بالکل دفن ہوجائیں۔

اب ان بیجوں پر اگر تو کھاد ہے تو بہت اچھے کیونکہ یہ وزن میں مٹی کے مقابلے میں ہلکی ہوتی ہے ورنہ مٹی کی تہہ ایسے لگائیں کہ بیج بھی اتنے ڈھک جائیں کہ پانی کی پھوار سے باہر نظر آنا شروع نہ ہوجائیں۔ اب بالکل باریک والے اسپرے پمپ سے پھوار کریں پانی کھڑا ہونے لگے تک جائیں، جزب ہو جائے پھر اسپرے کریں کھڑا ہو پھر رک جائیں یہاں تک کہ گملے کے نیچے سے پانی ٹپکنا شروع ہو جائے تو بس کردیں۔

اب بہتر یہ ہے کہ گملا کسی ایسی مٹی کی یا پلاسٹک کی پلیٹ میں رکھیں جیسی سالن کی گہری والی پلیٹ ہوتی ہے، آئیندہ پانی اوپر سے دینے کے بجائے صرف پلیٹ کو بھریں مٹی خود پانی چوس کر اوپر تک پہنچائے گی۔ گملا ایسی جگہ رکھیں جہاں صبح کی تین سے چار گھنٹے کی دھوپ ملے اور دن بھر خوب روشنی اور۔۔۔۔۔اور بس۔

پانچ سے سات دن کا انتظار کریں، کونپلیں پھوٹیں گیں پھر سائیں والی مونچھوں جیسی پتیاں نکلیں گی موسم ٹھنڈا ہورہا ہے جیسے جیسے کونپلوں پر پتیاں بڑھیں دھوپ کا وقت بڑھا دیں، گھاس آگے اسے نکال دیں، پانی پودوں کو صرف اس وقت دیں جب وہ خود مانگیں وہ نڈھال نظر آئیں تو پلیٹ میں پانی بھر دیں کچھ دیر کے بعد وہ پھر خوش باش جھومتے ہوئے نظر آئیں گے۔

جب دھنیا آگ جائے تو تھوڑا سا اپنے پڑوس میں ضرور بھیج دیں۔۔۔ بانٹنے سے بڑھتا ہے، اور آپ یقیناً اپنی ہر نعمت بڑھانا چاہیں گے۔ اگلی دفعہ گملے بڑھالیں کچھ اپنے لیئے کچھ دوسروں کے لیئے۔

السلام علیکم، باغبانوں کیسے ہیں آپ سب؟ملیئے ہماری پہلی پہلی بھنڈی سے، یہ اس کی اور اس کے پتوں کی آخری تصویر ہے کیونکہ یہ...
15/11/2024

السلام علیکم، باغبانوں کیسے ہیں آپ سب؟
ملیئے ہماری پہلی پہلی بھنڈی سے، یہ اس کی اور اس کے پتوں کی آخری تصویر ہے کیونکہ یہ پہلا بھنڈی تھی تو اس کو اتارنا ضروری تھا اور سارے سائیڈ کے پتے بھی ہٹادیئے تاکہ پودے کو اوپر تک بھرپور غزا ملے اور وہ بھرپور فصل دے۔
اس دفعہ ایک تو میں خود ایک لمبے وقفے کے بعد باغبانی کررہا تھا سب کچھ اتھل پتھل تھا، سارے گملے خالی کیئے پرانی مٹی جمع کی، کھاد بنانے کے لیئے جو ڈرم، مٹکے وغیرہ تھے وہ سب دوبارہ صاف کیئے ، سارے پتے، کچن کا کچرا کاغز وغیرہ جمع کرکے دوبارہ ڈرموں میں ڈال کر کھاد کی تیاری شروع کی، مٹی کی صفائی اس کو پھیلانا، تین سال پرانی گوبر کی کھاد بوری میں رکھی تھی اس کو ڈرم میں ڈال کر پانی بھرا، گوڈی کی، پرانے ٹوٹے گملے، پمپس اور وہ سامان جو اب کسی کام نہیں آسکتا تھا وہ سب پھینکنا۔۔۔۔۔۔۔ اور سے اکتوبر کی "گرمی".
بھال بتائیے اکتوبر اور گرمی ۔۔۔ طبیعت جھک ہوگئی، اس پر ستم یہ کہ اس دفعہ بیج بہت ضایع ہوئے، خیر میں نے بھی سب سے پہلے پرانے رکھے بیج ہی استعمال کیئے الحمداللہ بہت کچھ ضایع ہونے کے باوجود، تورئی، ہری مرچ، سفید بینگن، بھنڈی، لال مرچ، اور لال مولی کے بیج چل گئے۔
سب سے پہلے ہرا دھنیا تیار ہوا یہ مستقل آئٹم ہے اس کے تو بعض اوقات تیار گملے ہی گفٹ ہو جاتے ہیں تو یہ تو مستقل چین بنانی پڑتی ہی ہے۔
پھر پالک تیار ہوئی۔۔۔۔گھر کی پالک کی خاص بات بلکہ گھر کی ہر سبزی کی خاص بات ہی یہی ہے کہ واقعی اس کا ذائقہ شاندار اور منفرد ہوتا ہے۔ میں کسی قسم کی کیمیکل کھاد یا دوائی ہر گز ہر گز استعمال نہیں کرتا، بلکہ ساری قدرتی اشیاء ہی استعمال ہوتی ہیں اور آپ لوگوں سے بھی ہمیشہ یہی کہتا ہوں کہ اگر ہم نے گھر میں بھی یوریا، ڈی اے پی وغیرہ استعمال کرنا ہے تو زہر بنانے کے لیئے خود کو اتنی زحمت دینے کی ضرورت ہی کیا ہے؟ بازار میں یہ ملتا ہی ہے نا۔
قدرتی اشیاء کو استعمال کرنے میں بلاشبہ وقت اور محنت بہت لگتی ہے مگر تازی اتری ہوئی سبزی کی ایک ھنڈیا کا پہلا نوالہ یہ ساری محنت وصول کرادیتا ہے۔❤️

پالک ہو، بھرپور ہو اور ۔۔۔۔ گھر کی ہو!!!تو کیا ہی بات ہے🥰تین سال کے وقفے کے بعد الحمداللہ دوبارہ گھر میں سبزیوں کی رونق ...
15/11/2024

پالک ہو، بھرپور ہو اور ۔۔۔۔ گھر کی ہو!!!
تو کیا ہی بات ہے🥰
تین سال کے وقفے کے بعد الحمداللہ دوبارہ گھر میں سبزیوں کی رونق واپس آرہی ہے۔

13/11/2024

19,241 signatures are still needed! FREE DR AAFIA SIDDIQUI: A CALL FOR JUSTICE AND CLEMENCY

سب۔۔سبز نہ رہا،السلام علیکم، بہت عرصے کے بعد پھر سے دل چاہا مگر اب ہمت ہی نہیں ہورہی تھی۔باغبانی محض موسمی شوق نہیں تھا،...
09/10/2024

سب۔۔سبز نہ رہا،
السلام علیکم، بہت عرصے کے بعد پھر سے دل چاہا مگر اب ہمت ہی نہیں ہورہی تھی۔
باغبانی محض موسمی شوق نہیں تھا، ایسا عشق رہا جس کا خیال سوتے جاگتے ہمہ وقت رہتا تھا۔ آپ میں سے بہت سے ایسے ہیں جنہوں نے Sabsabz سب سبز کے ایونٹس میں میرا گھر ، میرے پودے دیکھے وہ اس عشق کے گواہ بھی ہیں۔

سبزیاں، پھل اور پھول گھر میں ہوں اور بہت ہوں، بغیر کسی بھی مصنوعی کھاد، یا دواؤں کے قدرتی اجزاء کی مدد سے بہترین نتائج کے طریقے ڈھونڈنا اور ان پر عمل کرنا میرا شوق تھا پھر اس شوق میں آپ کو شامل کیا اور لکھنا شروع کیا، آپ کی بھرپور پزیرائی اور حوصلہ افزائی نے مجھے ہمیشہ انرجائز کیا۔

2020 کے 29 رمضان المبارک کو اچانک امی کا انتقال ہوگیا، اس کیفیت سے سنبھلتے سنبھلتے کب ہوش آیا تو عدم توجہی کی وجہ سے سارے پودے تو ختم ہوچکے تھے اور باغ ہمارے گھر کی طرح ویران ہوچکا تھا، ابو جی کی وجہ سے حوصلہ ہوا تو دوبارہ توجہ دینی شروع کی نئے سرے سے آغاز کیا پھر سے صفائی ستھرائی کرکے بیج لگائے ہنیریاں بنیں پودے اگے ہی تھے کہ 2021 کی 9 محرم الحرام کو ابو بھی خالق حقیقی کے پاس چلے گئے۔

کیا لطف زندگی کا جب دل ہی بجھ گیا ہو۔
پھر غلطی سے بھی ہمت نہیں ہوئی کہ دوبارہ اس یا کسی اور شوق پر بھی توجہ دے سکوں۔ اور بالآخر سب ایسے ہی اجڑ گیا جیسے ہم۔

آپ میں سے کچھ دوست، کچھ دوسرے پیجز اور گروپس کے احباب بار بار حوصلہ دیتے رہے میں ان کا بےحد شکر گزار ہوں، مگر ایک انجانی یاسیت نے ایسا گھیرا کہ میں اس طرف بالکل نہ آسکا۔

دو مہینے پہلے میرا چار پانچ سال پرانا بادام کا درخت سوکھ گیا، میرا اپنی والدہ کے لیئے لگایا ہوا پپیتے کا درخت بھی گرگیا، یہ شاید ایک جزباتی جھٹکا تھا جس نے مجھے دوبارہ زندہ کیا ہے۔
میں پھر سے باغبانی کرنا چاہ رہا ہوں، شاید اس لیئے کہ یہ کام ہے صبر اور امید کا، اور ان چیزوں کی مجھے ساری زندگی (جتنی بھی ہے) ضرورت رہے گی۔ آپ سب کی دعاؤں کا طلبگار ہوں۔

27/09/2024
29/08/2023
01/05/2023
21/04/2023

اب عید نہیں ہوتی:

چاند رات کو کون سوتا ہے؟ ہمارے یہاں کوئی نہیں سوتا تھا۔
انتظامات ہوتے تھے، لوازمات ہوتے تھے۔
عید کے پہلے دن کی رات کو دعوت کی تیاری زور و شور سے چل رہی ہوتی تھی،
اور سب کام صبر سکون اور شرافت سے ہوجائیں تو اس میں مجھے کوئی مزہ نہیں آتا تھا۔
تو ہر سال دعوت کے مینیو پر اعتراض کرنا میرا ، اور اس پر مجھے جھاڑنا امی کا فرض تھا جس میں اکثر ابو بھی امی کے ساتھ شامل ہوجاتے تھے۔
پھر لوازمات پر پنگا۔۔۔۔وہ بھی الحمداللہ میرا اور اس پر مجھے جھاڑنا امی کا فرض تھا۔
کیونکہ اس کے بغیر سیدھی سیدھی عید کی تیاری بورنگ ہوجاتی اور یہ برسوں کا معمول تھا۔
کوکنگ ساری گھر میں ہی ہوتی تھی۔
اپنی حیات تک میرے کپڑے ہمیشہ امی نے اپنی پسند سے ہی لائے اور سلوائے جو میں کبھی دیکھنے کی زحمت بھی نہیں کرتا تھا کیونکہ مجھے پتہ تھا کہ ان کی پسند لاجواب ہوتی ہے اور جب میں چاند رات کو وہ کپڑے دیکھتا تھا تو تو امی مجھے دیکھ رہی ہوتی تھیں اور میں بغیر کسی تاثر کے سب کپڑے دیکھ کر اٹھ جاتا تھا وہ اس وقت تو کچھ نہیں بولتی تھیں۔ مگر جب پہنتا تھا تو پھر کہتی تھیں پسند آتے ہیں تو منہ سے تو پھوٹ دیا کرو اور میں خوب ہنستا تھا۔ وہ مجھے مجھ سے بہتر جانتی تھیں۔
تو ہماری چاند رات ایسے ہی مصروفیت میں گزرتی تھی پر اسی طرح عید کا پہلا دن تو ہم رات دیر گئے دعوت کے بعد سمیٹ کر فارغ ہوتے تھے تو عید کا دوسرا دن دیر تک سوتے تھے۔
تو جب کسی کا پتہ چلتا تھا کہ چاند رات کو وہ سو رہے ہیں تو مجھے واقعی حیرت ہوتی تھی کہ بھلا چاند رات کو بھی کوئی سوتا ہے؟
چاند رات کوئی سونے کی ہوتی ہے؟
29 رمضان 2020 امی چلی گئیں تو چاند رات قیامت تھی کہ اسی روز چاند رات بھی ہوگئی، قیامت میں کون سوتا ہم بھی نہی سوئے۔
2021 ابو موجود تھے تو میں ابو کے ساتھ بیٹھا گزشتہ رمضان کو ہی یاد کرتا رہا ابو اپنی کہتے رہے میں سنتا رہا۔۔۔۔ہم اس چاند رات بھی نہیں سوئے۔
2022 رمضان ابو بھی جاچکے تھے مگر میں اس وقت خوش قسمتی سے نبی کریم صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی خدمت اقدس میں تہجد سے موجود تھا عید کی نماز مسجد نبوی میں ہی ادا کی تو اس چاند رات بھی میں نہیں سویا۔
2023 رمضان
اپنے کمرے کی لائٹ بجھا کر لیٹے ہوئے اب مجھے اندازہ ہورہا ہے چاند رات کو لوگ سوتے بھی ہیں۔ نیند بے شک نہ آئے مگر اب سب کچھ سو چکا ہے، یا شاید سب کچھ کھو چکا ہے۔
اللّہ پاک میرے والدین اور تمام مرحومین کی کامل مغفرت فرمادیں۔آمین، اور ہم سب کو صبرجمیل عطا فرمادیں۔آمین۔
اَللّٰھُمَّ لاَ تَحْرِمْنَا اَجْرَہٗ وَلاَ تَفْتِنَّا بَعْدَہٗ

Address

Karachi

Telephone

+923122444138

Website

Alerts

Be the first to know and let us send you an email when Sabsabz سب سبز posts news and promotions. Your email address will not be used for any other purpose, and you can unsubscribe at any time.

Share